زرعی یونیورسٹی پشاور میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف مبارک پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے "سیرت ماڈلز نمائش" کا انعقاد

جمعرات 30 اپریل 2026 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام البرھان پشاور کے اشتراک سے سیرت النبی ﷺ کے مختلف مبارک پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے "سیرت ماڈلز نمائش" کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان زرعی یونیورسٹی پشاور کے مطابق اس منفرد نمائش کا مقصد طلبہ کو نبی کریم ﷺ کی زندگی اور اسلامی تاریخ کے اہم مقامات سے بصری طور پر روشناس کروانا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے فیتا کاٹ کر نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈین پروفیسر ظفر اقبال، رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد، ڈائریکٹر وائس چانسلر سیکرٹریٹ ماجد خان، ایڈیشنل ڈائریکٹرز اوریک پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد خان، ڈاکٹر محمد اشفاق خان، ڈاکٹر نویداللہ، ڈاکٹر کامران سہیل، ادارہ البرھان پشاور کے نمائندے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی پشاور یونیورسٹی اور ممبر مجلس شوریٰ البرھان ڈاکٹر محمد اسماعیل، البرھان پشاور مجلسِ تعلیم کے ڈاکٹر وقاص احمد سمیت اساتذہ اور طلباء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نمائش میں اہم تاریخی مقامات اور واقعات کے تفصیلی تھری ڈی ماڈلز پیش کئے گئے جن کے بارے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان اور دیگر شرکاء کو بریفنگ دی گئی جسے انہوں نے بہت سراہا۔اس کے علاوہ ماہرین کی جانب سے رہنمائی، تاریخی پس منظر پر سوالات و جوابات کے سیشنز اور مستند سیرت لٹریچر کی مفت تقسیم بھی اس نمائش کا حصہ تھے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ و اساتذہ میں سیرت النبی ﷺ سے آگاہی، کردار سازی اور روحانی شعور کو فروغ دینا تھا۔نمائش میں ہجرت مدینہ، مسجدِ نبوی ﷺ کی تعمیر اور غزوات بدر، احد اور خندق کے نقشہ جات پر مبنی ماڈلز خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔شرکاء نے درود و سلام پیش کرتے ہوئے اس نمائش کو ایک معلوماتی، مؤثر اور روحانی طور پر بامعنی تجربہ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :