ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی کوالٹی ایشورنس رینکنگ ،سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا سکور 64 سے بڑھ کر 80.88 ہو گیا

ہفتہ 2 مئی 2026 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) سردار بہادر خان (ایس بی کی) ویمن یونیورسٹی کوئٹہ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کوالٹی ایشورنس رینکنگ میں غیر معمولی بہتری دکھائی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کی قیادت میں یونیورسٹی کا اسکور 64 سے بڑھ کر 80.88 ہو گیا ہے، جو صوبے کی تعلیمی تاریخ میں کسی بھی یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی نمایاں ترین ترقی میں سے ایک ہے۔

اس نئی رینکنگ نے ایس بی کے ویمن یونیورسٹی کو ادارہ جاتی معیار کے اعلیٰ درجے پر فائز کر دیا ہے۔ یہ کامیابی اکیڈمک گورننس، فیکلٹی کی تربیت اور طالبات کے لیے معاونت کے نظام میں کی جانے والی جامع اصلاحات کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے اس سنگ میل کو یونیورسٹی کی فیکلٹی اور عملے کی انتھک محنت کا ثمر قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ64سے 80.88 تک کا یہ سفر محض اعداد و شمار کا اضافہ نہیں، بلکہ یہ بلوچستان کی خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم نے نصاب کی نظر ثانی، تحقیقی انفراسٹرکچر کی بہتری اور امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے منظم طریقے سے کام کیا ہے۔"ایچ ای سی (HEC) کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی یونیورسٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ مختلف معیارات پر لیتی ہے، جس میں اساتذہ کی قابلیت، سمسٹر امتحانات کا انعقاد اور پیشہ ورانہ ترقی شامل ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے امتحانی عمل کو ڈیجیٹلائز کرنے اور کوالٹی ایشورنس کی مضبوط داخلی کمیٹی کے قیام کو اس کامیابی کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی جنوبی ایشیا اور خاص طور پر پاکستان کے جنوب مغربی خطے میں تعلیمی فضیلت کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر سامنے آئی ہے، جو خطے کی دیگر خواتین یونیورسٹیوں کے لیے ایک روشن مثال بن گئی ہے۔