مزدوروں کو حقوق سے محروم کر کے ریڑھ کی ہڈی توڑ دی گئی، ذوالفقار شاہ

رضا ربانی کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے آزاد ٹریڈ یونینز کو مضبوط بنایا جائے، مطالبہ

ہفتہ 2 مئی 2026 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) بلدیاتی اداروں کے مزدور رہنما سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ یومِ مئی پر مزدوروں کو اداروں کی ریڑھ کی ہڈی قرار دینے والوں نے عملی طور پر مزدوروں کو مراعات اور بنیادی حقوق سے محروم کر کے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ منتخب میئرز اور چیئرمینوں کی جانب سے دلکش بیانات تو جاری کیے جاتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ مزدور آج بھی بنیادی سہولیات، بروقت تنخواہوں اور واجبات سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنشن، گریجویٹی اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لیے مزدوروں کو برسوں انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ کئی اداروں میں ادائیگیاں اقساط میں کی جا رہی ہیں۔ذوالفقار شاہ نے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی یومِ مئی کے جلسے میں دی گئی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ذیلی ونگز کے بجائے آزاد ٹریڈ یونینز کو مضبوط بنانے اور وسیع تر اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ مزدور دوست پالیسیوں پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔