ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا کا صحافت کے عالمی دن پر پیغام

اتوار 3 مئی 2026 14:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی آنکھ اور ضمیر کی حیثیت رکھتی ہے،جو سچائی کو اجاگر کرنے اور معاشرتی شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ادب،ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں صحافیوں،بالخصوص کلچرل رپورٹرز کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمرا میں سال بھر جاری ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو جس ذمہ داری،دیانت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اجاگر کیا جاتا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔محمد نواز گوندل نے صحافی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کے ذریعے ہماری تہذیب،روایات اور ادبی ورثہ نئی نسل تک موثر انداز میں منتقل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی مستقبل میں بھی سچائی، دیانت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ معاشرے میں مثبت شعور اجاگر کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا ہمیشہ صحافتی برادری کے ساتھ اپنے مضبوط اور باوقار تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس رشتے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :