مرید عباس قتل کیس میں 7 سال بعد اہم پیشرفت، ملزم عاطف زمان کا قتل سے انکار

پیر 4 مئی 2026 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کے مقدمے میں 7 سال بعد اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کراچی کی سیشن عدالت میں مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے میں مرکزی ملزم عاطف زمان نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ملزم عاطف زمان نے مرید عباس اور خضرحیات کے قتل سے انکار کر دیا، جس کے بعد اب عدالت نے 14 مئی کو طرفین کے وکلا کے حتمی دلائل طلب کر لیے۔

ملزمان کے خلاف گواہ، تفتیشی افسر اور دیگر بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دہرے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور واقعے کی سی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک بھی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔استغاثہ کا موقف ہے کہ ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی عادل زمان کے ساتھ مل کر مرید عباس اور خضرحیات کو دفتر بلا کر قتل کیا۔شریک ملزم عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد عدالت اسے اشتہاری قرار دے چکی ہے۔اس کیس کی مدعیہ کے وکیل جبران ناصر نے بتایا ہے کہ ملزمان کے قتل میں ملوث ہونے کے تمام شواہد عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔