چین،آتشبازی کی فیکٹری دھماکا، 26 افراد ہلاک

فیکٹری انتظامیہ کے ذمے دار شخص کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ،حکام

منگل 5 مئی 2026 18:08

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) چین کے صوبے ہنان کے شہر لیویانگ میں آتش بازی بنانے والی فیکٹری میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، دھماکے کے بعد سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں جبکہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش تیز کرنے پر زور دیا ہے۔حکام کے مطابق 482 امدادی اہلکار موقع پر تعینات کیے گئے ہیں اور مزید دھماکوں کے خطرے کے پیشِ نظر قریبی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ فیکٹری انتظامیہ کے ذمے دار شخص کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔