علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا مقصد صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ ہنر مند باصلاحیت افراد تیار کرنا ہے، ریجنل ڈائریکٹر

منگل 5 مئی 2026 23:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا مقصد صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ ایسے ہنر مند باصلاحیت افراد تیار کرنا ہے جو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد عہدِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری عصری تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں، گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

تیزی سے بدلتی دنیا میں تعلیم کے جدید تقاضے پورا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے، اوپن یونیورسٹی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارریجنل ڈائریکٹر حسن صفت نے مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے فاصلاتی نظامِ تعلیم فروغ دے کر لاکھوں طلبہ کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے، خصوصاً ایسے افراد کو جو معاشی، جغرافیائی یا سماجی رکاوٹوں کے باعث روایتی جامعات تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز اور اپ ڈیٹ نصاب کے ذریعے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بھی بنایا جا رہا ہے۔ریجنل ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، طلبہ کی رہنمائی اور تعلیمی معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مستقبل میں بھی جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے معیاری تعلیم کی فراہمی، تحقیق کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔