پختونخوا کے عوام مزید خونریزی اور لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے‘ اسفندیار ولی خان کی مولانا شیخ ادریس کی شہادت پر تعزیت

بدھ 6 مئی 2026 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہبرِ تحریک اسفندیار ولی خان نے ممتاز عالمِ دین مولانا شیخ ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا شیخ ادریس کی شہادت پوری پختون قوم کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک معتدل، باوقار، امن پسند اور قابلِ احترام دینی و سماجی شخصیت تھے جنہوں نے پوری زندگی دین، علم اور عوام کی خدمت میں گزاری۔

رہبرِ تحریک اسفندیار ولی خان نے شہید کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور جمیعت علمائے اسلام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اے این پی خود کو برابر کی شریک سمجھتی ہے۔ اللہ تعالی شہید مولانا شیخ ادریس کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پختونخوا ایک بار پھر بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، لیکن افسوس کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے صورتحال کی سنگینی کے باوجود مثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

پختونخوا کے عوام مزید خونریزی اور لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ رہبرِ تحریک نے مطالبہ کیا کہ مولانا شیخ ادریس کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے مرکزی و صوبائی حکومتوں اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پختونخوا کی سرزمین پر امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ، عملی اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔ .