یونیورسٹی آف تربت میں ریسرچ گرانٹ پروپوزل رائٹنگ کے موضوع پر سیشن کا انعقاد

سکھر آئی بی اے کے ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی کی بطور ریسورس پرسن شرکت، تحقیقاتی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور معیاری ریسرچ گرانٹ پروپوزلز کی تیاری کے لیے ضروری مہارتوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا

بدھ 6 مئی 2026 19:40

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) یونیورسٹی آف تربت کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے نو تعمیر شدہ اسمارٹ کلاس روم میں ریسرچ گرانٹ پروپوزل رائٹنگ کے موضوع پر ایک اہم لیکچر سیشن منگل کو منعقد کیا گیا۔اس سیشن میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی عملے کے ساتھ ساتھ ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز نے بھی شرکت کی۔

سیشن کے ریسورس پرسن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی تھے، جو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں بطور پروفیسر اور آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر کام کررہے ہیں۔ وہ یورپ کے جامعات سے دو پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کر چکے ہیں، جن میں یورپی کمیشن کے تعاون سے ایراسمس منڈس اسکالرشپ کے تحت پی ایچ ڈی اور ناروے کی این ٹی این یو سے پوسٹ ڈاکٹریٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سیشن کے دوران ڈاکٹر جاوید احمدشاہانی نے تحقیقاتی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور معیاری ریسرچ گرانٹ پروپوزلز کی تیاری کے لیے ضروری مہارتوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پروپوزل لکھنے کے عملی پہلوجیسے آئیڈیا ڈیولپمنٹ، پروپوزل کی معیاری ساخت اور پروپوزل کو فنڈنگ اداروں کے معیار کے مطابق ڈھالنے کے لئے مفید اور عملی رہنمائی فراہم کی۔

اپنے استقبالیہ کلمات میں تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اورک، ڈاکٹر محمد یاسین نے کہا کہ یہ سیشن وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی سربراہی میں یونیورسٹی میں معیاری تحقیقی کلچر کے فروغ دینے اور اساتذہ و اسکالرز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی منصوبوں کے حصول میں معاونت فراہم کرانے کی اورک کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے پیغام میں اورک کی جانب سے اس اہم سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے سیشن میں بطور ریسورس پرسن شرکت کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں اساتذہ اور محققین کو بین الاقوامی سطح پر فنڈڈ ریسرچ کے مواقع حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔سیشن کے اختتام پر نو قائم شدہ جدید اسمارٹ کلاس روم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ جدیدسمارٹ کلاس روم یورپی کمیشن کے مالی تعاون سے جاری ایراسمس پلس سی بی ایچ ای RAPID منصوبے کے تحت قائم کی گئی ہے، جس کی قیادت سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کر رہی ہے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی اس منصوبے کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ہیں۔

متعلقہ عنوان :