خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس

جمعرات 7 مئی 2026 17:34

خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید و دیگر افسران نے شرکت کی۔لاہور، فیصل آباد، گجرات، سرگودھا اورگجرانوالہ کی ڈویژنز کے کمشنرز صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنرز فیصل آباد، جھنگ، گجرانوالہ، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ اور میانوالی نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں دریائی کٹاؤ کی روک تھام کیلئے اسکیموں کا جائزہ اور منظوری دی گئی۔اجلاس میں دریائے چناب کے کٹاؤ سے براج چیمہ اور براج ڈھلہ گاؤں کے تحفظ کیلئے 94.49 ملین روپے کے ہنگامی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ٹھٹھی بلوچ گاؤں کے تحفظ کیلئے 98.74 ملین روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

گڑھی گلہ اور رٹہ گاؤں کے تحفظ کیلئے 86.71 ملین روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ دریائے چناب کے کٹاؤ سے زرعی اراضی کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میںدریائے راوی پر حفاظتی بند کی تعمیر کیلئے 283.481 ملین روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں گنڈا سنگھ والا، قصور میں آبادی کو محفوظ بنانے کیلئے 34.394 ملین روپے کے حفاظتی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

شیخوپورہ کے گاؤں لبانوالہ میں سیلاب سے زرعی زمین کے کٹاؤ اور مستقبل میں مزید خطرات کے خدشہ سے نمٹنے کیلئے 99.95 ملین روپے کی لاگت کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ میانوالی میں ڈھنگھانہ کے مقام پر سیلابی کٹاؤ روکنے کیلئے فلڈ پروٹیکشن سکیم کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دریاؤں کے کٹاؤ سے بچاؤ کے اہم فیصلے کئے گئے ہیں، دریاؤں کے کٹاؤ سے بچاؤ کرکے بسنے والی لاکھوں کی آبادی کو مالی و جانی نقصانات سے بچانا چاہتے ہیں، سیلاب سے بچاؤ کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات ایک ہی پیج پر ہیں،حکومت پنجاب اس حوالہ سے درست سمت میں اہم فیصلے لے رہی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کو مالی و جانی نقصانات سے بچانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عمر جاوید نے کہاکہ پی ڈی ایم اے میں ریلیف آئٹمز کی خریداری پر پیش رفت جاری ہے۔جھنگ میں حفاظتی بند کی تعمیر کیلئے 100 ملین روپے کا منصوبہ کی منظوری دی گئی ہے۔پارکو پائپ لائن اور مقامی آبادی کے تحفظ کیلئے 99.95 ملین روپے کی لاگت سے حفاظتی بند کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔