وزارتِ توانائی نے بجلی صارفین سبسڈی نظام شفاف رکھنے کے لیے نیا طریقہ متعارف کرا دیا

جمعرات 7 مئی 2026 17:04

وزارتِ توانائی نے بجلی صارفین سبسڈی نظام شفاف رکھنے کے لیے نیا طریقہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وزارتِ توانائی نے بجلی صارفین کیلئے حکومتی سبسڈی کے شفاف نظام کو یقینی بنانے کیلئے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا،اب ان صارفین جنہیں حکومت کی طرف سے سبسڈی دی جا رہی ہے، کے ماہانہ بلوں پر واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ انہیں اس مہینے میں کتنی رقم کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ ترجمان پاور ڈویڑن کے مطابق یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ یہ سبسڈی اہل اور مستحق صارفین تک پہنچتی رہے۔

انہوں نے کہا اس مقصد کے لیے بجلی کے بل پر ایک کیو آر کوڈ دیا جا رہا ہے جسے سکین کر کے صارفین کو ایک لنک پر رجسٹریشن کرنا ہو گی، یہ رجسٹریشن محض اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ غریب اور بجلی کم استعمال کرنے والے خاندانوں کو ریلیف ملتا رہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس کا مطلب کسی بھی طرح سبسڈی ختم کرنا نہیں۔ حکومت کا موقف ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور اس عمل کا مقصد فقط وسائل کا صحیح اور منصفانہ استعمال ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے ضائع ہونے سے بچ سکیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مستقبل میں اہل بجلی صارفین سبسڈی کے تسلسل کے لیے دیئے گئے کیو آر کوڈ پر جلد از جلد رجسٹریشن کرائیں، اگر کسی صارف کے بل پر کوئی غلطی یا دیگر پریشانی ہو تو وہ متعلقہ بجلی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ حکومت عوام کی سہولت اور شفافیت کے لیے پرعزم ہے اور کسی سیاسی یا معاشی دباؤ کے باوجود غریب کا حق ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :