نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، ایس سی او چیئرمین شپ سنبھالنے کی تیاریوں کا جائزہ

جمعرات 7 مئی 2026 17:33

نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، ایس سی او   چیئرمین شپ سنبھالنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کونسل کی 2026ء اور 2027ء کی چیئرمین شپ سنبھالنے کے حوالے سے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے جاری تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ 2027ء میں ایس سی او کے سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنانے کےلئے جامع منصوبہ بندی اور موثر رابطہ کاری کریں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک اہم علاقائی کردار کے طور پر ایس سی او فریم ورک اور اپنی آئندہ چیئرمین شپ کو بہت اہمیت دیتا ہے جو علاقائی تعاون، روابط اور کثیرالجہتی اشتراک کے فروغ کےلئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بروقت عملدرآمد، اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی اور انتظامی و عملی تیاریوں کے اعلیٰ معیار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سپیشل سیکرٹری داخلہ و انسداد منشیات، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی پولیس اسلام آباد اور وزارت خارجہ اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔