ٰ شہید عبدالرزاق جھرنا کی قربانی آمریت کے خلاف جدوجہد کی تاریخ کا روشن باب ہے،بلاول بھٹوزرداری

جمعرات 7 مئی 2026 17:46

ٰ شہید عبدالرزاق جھرنا کی قربانی آمریت کے خلاف جدوجہد کی تاریخ کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2026ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے پیپلز پارٹی کے کارکن شہید عبدالرزاق جھرنا کے 43ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید عبدالرزاق جھرنا کی قربانی آمریت کے خلاف جدوجہد کی تاریخ کا روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید عبدالرزاق جھرنا کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے سے وفاداری اور جمہوریت کی تحریک کا ساتھ دینے کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔سید حسن مرتضی نے کہا کہ رزاق جھرنا جیسے جیالوں نے اپنی سیاسی جدوجہد سے پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید رزاق جھرنا نے قائدِ عوام کے اصولوں پر چلتے ہوئے پھانسی کا پھندا قبول کیا اور آج بھی ان کی قربانی کارکنان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

دوسری جانب نفیسہ شاہ نے کہا کہ شہید عبدالرزاق جھرنا پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک جاں نثار اور نظریاتی کارکن تھے، جنہوں نے آمریت کے دور میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے نظریاتی کارکنان اور شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج شہید عبدالرزاق جھرنا جیسے کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جبکہ آمریت کی علامتیں تاریخ کے اندھیروں میں گم ہو چکی ہیں۔ نفیسہ شاہ کے مطابق پاکستان کی بقا،خودمختاری اور جمہوری استحکام کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔