فین شپنگ اور افواہیں مستقبل کے تعلقات میں مسائل پیدا کر سکتی ہیں ، دانانیر مبین

پیر 11 مئی 2026 10:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) اداکارہ دانانیر مبین نے کہا ہے کہ مداحوں کی جانب سے ان کے اور ساتھی اداکاروں کے درمیان “فین شپنگ” اور افواہیں ان کے مستقبل کے تعلقات میں مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے تجربات اور ذاتی زندگی پر اثر انداز ہونے والی سوشل میڈیا بحث پر گفتگو کی۔

دانانیر مبین نے کہا کہ جو بھی ساتھی میری زندگی میں مستقبل میں آئے گا، میں نہیں چاہتی کہ وہ ان افواہوں کی وجہ سے غیر آرام دہ محسوس کرے جو میرے بارے میں گردش کرتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں صرف ان پر ہی نہیں بلکہ ان کے خاندان پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کے والدین سادہ مزاج ہیں اور اکثر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین ابتدا سے ہی ان کے شوبز کیریئر کے حوالے سے فکرمند تھے کیونکہ ان کا اس انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا، جس کی وجہ سے انہیں مختلف خدشات لاحق رہتے ہیں۔دانانیر مبین کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ وہ خود بھی ان خدشات کو بہتر طور پر سمجھنے لگی ہیں اور انڈسٹری میں آنے والی نئی لڑکیوں کے حوالے سے زیادہ حساس ہو گئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ساتھی اداکار سیٹ پر ہمیشہ پیشہ ورانہ رویہ رکھتے ہیں اور آن لائن افواہیں ان کے کام کے ماحول کو متاثر نہیں کرتیں۔