خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کا ایک اہم اجلاس

جمعرات 14 مئی 2026 19:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کا ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کے تر جمان کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالکبیر خان نے کی۔ اجلاس میں ممبران قائمہ کمیٹی اور اراکین اسمبلی زر عالم خان اور ثوبیہ شاہد نے شرکت کی، جبکہ اعجاز محمد اور عدنان خان زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ بلدیات، بمع متعلقہ افسران، محکمہ قانون، ایڈووکیٹ جنرل اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ’’خیبر پختونخوا احساس ریڑھی بان بل 2026‘‘ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ مجوزہ بل کابینہ سے منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے جسے مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔

سیکرٹری محکمہ بلدیات نے کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ قانون صوبے بھر میں ریڑھی بانوں کے حقوق کے تحفظ، روزگار کے استحکام، شہری نظم و نسق کی بہتری اور ٹریفک مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بل کے تحت صوبائی سطح پر ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کے چیئرمین وزیر لوکل گورنمنٹ ہوں گے، جبکہ ڈی جی پی ڈی اے، کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان اس کے اراکین ہوں گے۔

اسی طرح تحصیل سطح پر بھی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ ریڑھی بانوں کے امور کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ بل کے مطابق ہر ریڑھی بان کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور لائسنس جاری کیا جائے گا، جو اس کے پیشہ ورانہ تحفظ کی ضمانت ہوگا۔مزید بتایا گیا کہ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے معمولی فیس مقرر کی جائے گی، جبکہ جرمانوں اور فیسوں کی ادائیگی جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت کیو آر کوڈ کے ذریعے براہِ راست سرکاری خزانے میں جمع ہوگی، جس سے شفافیت کو فروغ ملے گا اور بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے۔

اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ قانون کے نفاذ کے بعد پہلے سے جاری تمام لائسنس منسوخ تصور ہوں گے تاکہ ایک مربوط اور یکساں نظام قائم کیا جا سکے۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران کو آگاہ کیا گیا کہ مخصوص مقامات پر ریڑھیوں کے قیام سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ بازاروں اور شہری علاقوں میں رش اور بے ترتیبی میں بھی واضح کمی آئے گی۔

اس فلیگ شپ منصوبے کے ذریعے شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ باآسانی دستیاب ہوں گی، جبکہ ریڑھی بانوں کو بھی باعزت اور محفوظ روزگار میسر آئے گا۔ مزید برآں، اس نظام کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کابینہ اور صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی تاکہ اس کی شفاف نگرانی اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین قائمہ کمیٹی اور اراکین نے متفقہ طور پر ’’خیبر پختونخوا احساس ریڑھی بان بل 2026‘‘ کی منظوری دیتے ہوئے اسے مزید کارروائی کے لئےصوبائی اسمبلی کو بھیجوانے کافیصلہ کیا۔

اراکین اسمبلی نے اس بل کو غریب اور محنت کش طبقے کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قانون سے نہ صرف ریڑھی بانوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ شہری انتظامی نظام، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور مقامی معیشت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔