اس ماہ شاہراہِ بھٹو کو مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،یہ شاہراہ ایم نائن سے منسلک ہوگی،شرجیل میمن

جمعرات 14 مئی 2026 22:42

اس ماہ شاہراہِ بھٹو کو مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،یہ شاہراہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس ماہ شاہراہِ بھٹو کو مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یہ شاہراہ ایم نائن سے منسلک ہوگی، جس سے شہریوں کے سفر کے دورانیے میں تقریبا ایک گھنٹے کی کمی آئے گی۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے شاہراہِ بھٹو منصوبے کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کراچی کے ٹریفک اور آمدورفت کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے تاج حیدر پل تک ایک نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جس سے شہر میں رابطوں کا نظام مزید بہتر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور کراچی میں بلدیاتی اداروں کے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جبکہ بعض تعطل کا شکار منصوبوں کو بھی دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور محکمہ بلدیات مل کر بڑے میگا پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، جبکہ جدید طرز کی بی آر ٹی لائن بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔شرجیل انعام میمن نے ترقیاتی کاموں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وقتی تکلیف کے بغیر بڑے منصوبے مکمل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے بتایا کہ صدرِ مملکت کے دور چین کے دوران ڈی سیلینیشن پلانٹ کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت ایک چینی کمپنی سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کا پلانٹ نصب کرے گی۔

ان کے مطابق اس منصوبے سے کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی دور چین کے دوران لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبوں سے متعلق بھی اہم معاہدے طے پائے، جنہیں انہوں نے بڑی سفارتی اور اقتصادی کامیابی قرار دیا۔ ان کے مطابق چینی قیادت نے بھٹو خاندان کے ادوار اور پاک چین تعلقات کے تسلسل کو بھی سراہا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا ہے اور کارروائی کے دوران غفلت برتنے والے اہلکاروں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات ایک سنگین لعنت ہے، جو معاشرے کو تباہ کر رہی ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پولیس اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز کے مطابق سندھ میں انہیں نسبتا زیادہ تحفظ حاصل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور غلط خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر ذاتی خواہشات کی بنیاد پر جھوٹی معلومات پھیلاتے ہیں۔انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحت مند ہیں اور چین کے دورے پر گئے تھے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کا مقصد جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کی روک تھام ہے تاکہ معاشرے کو گمراہ کن معلومات سے بچایا جا سکے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ان کے علم کے مطابق اٹھائیسویں آئینی ترمیم سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ فریال تالپور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن ہیں اور انہوں نے منشیات کے خلاف سخت کارروائیوں کی ہدایت دی ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات سرکاری اجلاسوں میں منشیات سے متعلق تمام تفصیلات کھل کر سامنے نہیں آتیں، تاہم حکومت اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں دیگر علاقوں کے مقابلے میں میڈیا کو نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہے، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے ماورائے عدالت واقعات کے حوالے سے مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر کسی کو پبلک سروس کمیشن سے متعلق شکایت ہے تو وہ شواہد کے ساتھ متعلقہ فورم سے رجوع کرے، حکومت ہر جائز شکایت پر کارروائی کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی افسر کا بیٹا اگر افسر بن جاتا ہے تو یہ کوئی جرم نہیں، کیونکہ ہر والدین اپنے بچوں کو بہتر تعلیم اور تیاری فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر کسی کو کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا شبہ ہے تو وہ ثبوت کے ساتھ سامنے آئے، کارروائی ضرور کی جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ کس نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بچے بچے کو معلوم ہے کہ پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی تاریخی قربانیوں اور کوششوں کا نتیجہ ہے، اور یہ تمام اقدامات پاکستان کے مفاد میں کیے گئے۔