کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کا ضلع بھر کے مختلف بوائز و گرلز سکولوں کا دورہ ،تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

جمعرات 14 مئی 2026 19:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ضلع بھر کے مختلف بوائز و گرلز سکولوں کا دورہ کرکےتعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران بوائز اینڈ گرلز ہائی سکول دہپال خورد، ریلوے گرلز ہائی سکول، غریب آباد گرلز ہائی سکول (پرائمری و ہائی سیکشن)، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول عظیم خان گہرامزئی اور ڈویژنل پبلک سکول کا معائنہ کیا گیا۔

کمشنر اسداللہ فیض نے ان سکولوں کی نشاندہی کی جہاں عمارتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں، کلاس رومز خستہ حالت میں ہیں یا اضافی کمروں کی اشد ضرورت ہے۔ اس سروے کا مقصد جاپان کی ایک این جی او کے تعاون سے ضلع سبی کے تقریباً 20 سکولوں کی مکمل ازسرِ نو تعمیر کے لیے موزوں تعلیمی اداروں کا انتخاب کرنا ہے۔

(جاری ہے)

نشاندہی کے عمل کی تکمیل کے بعد منتخب سکولوں کی فہرست متعلقہ حکام کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد باضابطہ تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت پرانی اور بوسیدہ عمارتوں کو مسمار کرکے جدید طرز کے نئے تعلیمی بلاکس تعمیر کیے جائیں گے۔اس موقع پر کمشنر اسداللہ فیض نے کہا کہ جاپان کی فنڈنگ سے سبی کے 20 سکولوں کی نئی تعمیر ضلع کی تعلیمی تاریخ میں ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے گا بلکہ خصوصاً گرلز سکولوں کی بہتری سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :