حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیر تعلیم

وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے گوجربانڈی میں’’دی کشمیر بنک ‘‘کی نئی برانچ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

جمعہ 15 مئی 2026 14:10

جہلم ویلی گوجر بانڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل گوجربانڈی میں’’دی کشمیر بنک ‘‘کی نئی برانچ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں عوام علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور بینک حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر بینک برانچ کے قیام کو علاقہ کی دیرینہ ضرورت قرار دیتے ہوئے عوام نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ گوجربانڈی کے عوام نے علاقے میں بینک برانچ کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جسے آج عملی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے اور حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سڑکوں، تعلیمی اداروں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی سہولیات کی فراہمی بھی وقت کی اہم ضرورت تھی، جس کے پیش نظر کشمیر بنک کی برانچ قائم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بینک برانچ کے قیام سے مقامی آبادی کو مالی معاملات کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا بلکہ عوام کو اپنے ہی علاقے میں جدید بینکاری سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم ویلی کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔اس موقع پر کشمیر بنک کے چیئرمین شاہد خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بنک عوام کو معیاری اور جدید بینکاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجربانڈی برانچ کے قیام سے مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کو مالیاتی خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔تقریب کے اختتام پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، چیئرمین کشمیر بنک شاہد خان اور دیگر مہمانوں نے نئی برانچ کا معائنہ کیا جبکہ عوام نے علاقے میں بینکاری سہولت کی فراہمی پر حکومت اور کشمیر بنک انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :