پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس محکمہ ٹیوٹا کامالیاتی نظم ونسق مثالی تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائیگا

جمعہ 15 مئی 2026 14:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں محکمہ ٹیوٹا سے متعلق آڈٹ اعتراضات کی سماعت کی گئی جس میں محکمہ ٹیوٹا کی جانب سے طلب کردہ ریکارڈ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیااجلاس کی صدارت چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان نے کی جبکہ اجلاس میں محکمہ ٹیوٹا کے اعلیٰ حکام متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور قانون ساز اسمبلی کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اے جے کے ٹیوٹا کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین اے جے کے ٹیوٹا امجد علی مغل، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس راجہ محمد آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ احسان دانش، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد سعید خان، اکاؤنٹنٹ محمد عتیق مغل سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ لوکل آڈٹ فنڈ کی جانب سے ڈائریکٹر شفقت عباسی، محکمہ مالیات کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری چوہدری عبدالماجد، قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹری امجد لطیف عباسی، سپیشل سیکرٹری راجہ ضیاء الحق اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا معاون عملہ بھی اجلاس میں موجود تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سال 2007 سے 2022 تک کے تمام ڈرافٹ پیراجات اور آڈٹ اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا محکمہ ٹیوٹا کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات پیش کی گئیں جن کے مطابق ذیادہ طرح آڈٹ پیراجات نمٹا دیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ اعتراضات کے حوالے سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ کو ضروری ہدایات جاری کیں اور جلد از جلد کارروائی مکمل کرنے پر زور دیا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور ممبران نے محکمہ ٹیوٹا کی جانب سے ریکارڈ کی ترتیب،دستاویزی بہتری اور آڈٹ اعتراضات کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذریعے محکمہ ٹیوٹا سے متعلق کام کرنے والے عملے کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے احکامات بھی دیے تاکہ ذمہ داری اور شفافیت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے پی اے سی کا ٹیوٹا کی جانب سے ریکوری کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار۔

اجلاس میں چیئرمین اے جے کے ٹیوٹا امجد علی مغل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا ایک نیم خودمختار اتھارٹی ہے جو اپنے ایکٹ اور قواعد و ضوابط کے تحت کام کرتی ہے انہوں نے بتایا کہ چیئرمین ٹیوٹا چیف ایگزیکٹو کے طور پر ادارے کی نگرانی اور انتظامی امور انجام دیتے ہیں جبکہ ادارے کا مقصد نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی تعلیم کے ذریعے ہنر مند بنانا ہے ادارہ انتظامی اصلاحات اور مالیاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔

اجلاس کے دوران ان آڈٹ اعتراضات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جن پر محکمہ ٹیوٹا کے افسران نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ دفاتر کی منتقلی اور انتظامی تبدیلیوں کے باعث ریکارڈ کی دستیابی اور پیپر ورک میں مشکلات پیش آئیں جس کے نتیجے میں بعض معاملات میں تاخیر ہوئی تاہم محکمہ نے ریکارڈ کی بحالی، دستاویزات کی تکمیل اور اعتراضات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ ٹیوٹا کی جانب سے ریکوری اور مالیاتی نظم و ضبط کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ باقی ماندہ پیراجات کو بھی قواعد کے مطابق جلد نمٹایا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی مزید بہتر ہو اور شفافیت کے عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔