محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی

مظفرآباد کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی اپنے نام کر لی

جمعہ 15 مئی 2026 14:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ کا فائنل میچ مظفرآباد اور میرپور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں مظفرآباد کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی اپنے نام کر لی۔

چیمپئن شپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب خورشید الحسن خورشید فٹ بال اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ملک شوکت حیات، ڈائریکٹر یوتھ اینڈ کلچر محمد نعمت اللہ عباسی، ڈائریکٹر سپورٹس افتخار صادق، صدر آل آزاد کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن مرزا امتیاز سمیت محکمہ سپورٹس کے افسران، فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے، جبکہ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیوں سے نوازا گیا۔چیمپئن شپ میں آزاد کشمیر کے 10 اضلاع کی ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ میچز 10 سے 14 مئی تک مظفرآباد میں کھیلے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس انصر یعقوب نے مظفرآباد کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی، جبکہ میرپور کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل میں کامیابی انہی ٹیموں کا مقدر بنتی ہے جو مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جن معاشروں میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مختلف اضلاع میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ جیسے ایونٹس نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور اس سے مستقبل کے قومی کھلاڑی سامنے آئیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں راولاکوٹ میں ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ مظفرآباد میں پی ایم گولڈ کپ کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جس میں شائقین سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :