Live Updates

مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں،طاہر کھوکھر

حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے

اتوار 17 مئی 2026 16:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2026ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے پٹرولیم مصنوعات بجلی اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اور ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے اور عام آدمی شدید ذہنی اذیت اور مالی مشکلات کا شکار ہے۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیںکیونکہ پٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ روزمرہ استعمال کی تمام اشیائے ضروریہ بھی مہنگی ہو جاتی ہیں پہلے ہی آٹے، چینی، گھی، دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ اب پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب مہنگائی کم کرنے کے دعوے کرتی ہے جبکہ دوسری جانب آئے روز بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کے نئے بم گرائے جا رہے ہیں بجلی کے بھاری بھرکم بلوں نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے لوگ اپنے گھروں کے یوٹیلیٹی بل ادا کرنے سے قاصر ہیں جبکہ چھوٹے کاروبار اور صنعتیں بھی شدید بحران کا شکار ہو رہی ہیں۔

سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے دربدر پھر رہے ہیں لیکن حکومت کے پاس عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی واضح پالیسی موجود نہیں حکمران صرف بلند و بانگ دعوے تقاریر اور اعلانات تک محدود ہو چکے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیںعوام مہنگائی بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے ہاتھوں پریشان ہیں مگر حکمرانوں کو ان کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے فراموش کر دیے ہیںمہنگائی کے ستائے ہوئے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں جبکہ حکمران طبقہ شاہانہ اخراجات میں مصروف ہے غریب آدمی اپنے بچوں کی تعلیم علاج اور بنیادی ضروریات پوری کرنے سے محروم ہو چکا ہے اور حالات دن بدن مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں سرمایہ کاری میں کمی آ رہی ہے اور صنعتکار شدید پریشانی کا شکار ہیں مہنگی بجلی اور پٹرول کے باعث صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ عوام اب حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیںلوگ مہنگائی اور بدترین معاشی بحران کے خلاف سراپا احتجاج ہیں حکومت اگر واقعی عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات