شانگلہ سمیت بالائی اضلاع میں 5 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

منگل 2 جون 2026 20:04

شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2026ء) شانگلہ سمیت بالائی اضلاع میں 5 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔شانگلہ میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی لہر شروع ہو گئی ہیں۔گزشتہ روزخیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں 2 جون سے 5 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شانگلہ سمیت شمالی اور بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہیں جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے علامیہ علامیہ کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہیں جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث شانگلہ، سوات، دیر، چترال، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان اور نوشہرہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں، پھلدار باغات اور سبزیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور باغات کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

اہم شاہراہوں کو ہر صورت کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستوں کے انتظامات مکمل رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔خصوصی طور پر ضلع شانگلہ، سوات، کوہستان، چترال اور دیگر سیاحتی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور روانگی سے قبل موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران ندی نالوں، برساتی ریلوں، سیلابی پانی اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عوام موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری خطرات مول لینے سے گریز کریں۔۔