ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلعی سطح کی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس

منگل 9 جون 2026 22:30

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2026ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلعی سطح کی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بلاک شدہ قومی شناختی کارڈز اور افغان مہاجرین کے نام پر بنائے گئے شناختی کارڈز کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حضور بخش بگٹی، پولیس افسران، نادرا حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر بلاک شناختی کارڈ ہولڈرز بھی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے جن کے کیسز کا انفرادی طور پر جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران بلاک شناختی کارڈز سے متعلق مختلف درخواستوں، دستاویزات اور شواہد کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا جبکہ شناختی کارڈز کے اجراء کے طریقہ کار اور قانونی تقاضوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ تمام معاملات کو میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق نمٹایا جائے گا تاکہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور قومی شناختی نظام کی ساکھ برقرار رہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے شناختی کارڈز کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی جانب سے غیر قانونی ذرائع سے بنوائے گئے قومی شناختی کارڈز کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گے اور ایسے معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات اور پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، نادرا، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے تمام کیسز کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی یا غیر قانونی دستاویزات کے ذریعے شناختی کارڈ حاصل کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ جائز اور مستحق شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاک شناختی کارڈز کے حوالے سے بھی ہر کیس کا انفرادی بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ شہریوں کو اپنی شہریت اور شناخت ثابت کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ قانون کی بالادستی، قومی سلامتی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :