کوچنگ ایجوکیشن اور یوتھ ڈویلپمنٹ کیلئی100ملین کا معاہدہ، پاکستان ہاکی درست سمت میں گامزن ہے‘ اولمپین طاہرزمان

جمعرات 11 جون 2026 18:11

کوچنگ ایجوکیشن اور یوتھ ڈویلپمنٹ کیلئی100ملین کا معاہدہ، پاکستان ہاکی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ اولمپین طاہر زمان نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ کی سمت بالکل واضح ہے اور ملک میں ہاکی کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پارکو کے مابین ہونے والے 100ملین روپے کے تاریخی معاہدے کو پاکستان ہاکی کے لیے گیم چینجر قرار دیا ہے۔

اولمپین طاہر زمان نے بتایا کہ پارکو او پی ایچ ایف کے تعاون سے یہ خطیر رقم اگلے دو سالوں کے دوران خاص طور پر ’’کوچنگ ایجوکیشن پروگرام‘‘اور ’’یوتھ ڈویلپمنٹ‘‘کے لیے صرف کی جائے گی۔ انہوں نے ایک مشہور مقولے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اچھے استاد ہی اچھے شاگرد پیدا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک بھر کے کوچز کی فلاسفی، ٹیچنگ اسکلز اور اسپورٹس سائنسز میتھڈالوجی میں یکسانیت لانا ہے تاکہ نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت ایک جدید اور مربوط نظام کے تحت کی جا سکے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ نے یوتھ ایشیاء کپ میں پاکستان انڈر-18ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر پوری ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کا یہ طویل سفر آگے بھی کامیابی سے جاری رہے گا۔

اولمپین طاہر زمان نے بتایا کہ پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم بھی اپنا تربیتی کیمپ مکمل کرنے کے بعد پرو لیگ کے اہم میچز کھیلنے کے لیے بیلجیم اور انگلینڈ روانہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینئر ٹیم یورپ کے اس کٹھن دورے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی کا ہاکی کی ترقی و ترویج کا ویژن ہے اور ہمارے اسپانسرز کا قومی کھیل پر اعتماد بحال ہورہا ہے وہ پاکستان ہاکی کے مستقبل کیلئے ایک روشن مثال ثابت ہوگا۔