شاندارفتح پاکستان فٹبال کی نئی تاریخ کا آغاز ہے، محسن گیلانی

جمعرات 11 جون 2026 19:14

شاندارفتح پاکستان فٹبال کی نئی تاریخ کا آغاز ہے، محسن گیلانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2026ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے قومی فٹبال ٹیم کی تاریخی کامیابی پر پوری قوم، کھلاڑیوں اور فٹبال برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شاندار فتح پاکستان فٹبال کی نئی تاریخ کا آغاز ہے اور ان کے دورِ صدارت کا اب تک کا سب سے بڑا سنگ میل ہے۔ اپنے بیان میں محسن گیلانی نے کہا کہ جب انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی باگ ڈور سنبھالی تو عزم کیا تھا کہ ایسے کارنامے انجام دیں گے جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے۔

ان کے مطابق پہلے قومی ویمنز ٹیم نے فیفا سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی اور اب قومی مردوں کی ٹیم نے ایک آزاد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کئی برسوں تک منتخب فیڈریشن نہ ہونے اور مختلف مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد صرف ایک سال کے عرصے میں پاکستان فٹبال نے غیرمعمولی پیش رفت کی ہے۔

یہ کامیابی اس سفر کا ایک اہم مرحلہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے منظرنامے کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ہے۔پی ایف ایف صدر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان فٹبال نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ اس کے پاس آگے بڑھنے کا جذبہ، مشکلات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ اور عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ محسن گیلانی نے تاریخی کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف ایف قومی ٹیم اور فٹبالرز کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم مزید بلند کر سکیں۔