بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ

بھارتی فوج کا سپلائی اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک شدید متاثر، انکوائری کا حکم

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جون 2026 12:03

بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2026ء) بھارتی فضائیہ کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ آسام کے فوجی اڈے پر اترتے وقت گر کر تباہ ہو گیا۔ انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کا ایک مال بردار اور دفاعی لاجسٹک ٹرانسپورٹ طیارہ ریاست آسام میں دورانِ لینڈنگ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوا، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ اپنی معمول کی پرواز مکمل کرنے کے بعد جورہاٹ ایئر فیلڈ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم رن وے کے قریب پہنچتے ہی طیارہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر کر تباہ ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزارتِ دفاع اور بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے مختصر بیان میں اس فضائی حادثے کی تصدیق کی، طیارہ آسام کے اسٹریٹجک اور اہم فوجی اڈے جورہاٹ پر لینڈنگ کے آخری مراحل میں تھا کہ اچانک زمین بوس ہو گیا، بھارتی فضائیہ نے حادثے کی اصل وجوہات کا پتا لگانے کے لیے فوری طور پر اعلیٰ سطح کی تفتیش اور 'کورٹ آف انکوائری' کا حکم دے دیا، ابتدائی طور پر اسے تکنیکی خرابی یا خراب موسم کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور مال بردار طیارے کا یوں تباہ ہونا ایک بڑا اسٹریٹجک نقصان مانا جا رہا ہے کیوں کہ یہ ٹرانسپورٹ طیارے بھارتی فوج کے دور دراز علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں موجود فوجیوں تک گولہ بارود، راشن اور بھاری مشینری پہنچانے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، بھارتی میڈیا اور فوج کی جانب سے فی الحال طیارے میں موجود پائلٹس، کریو ممبران کی تعداد اور ان کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔