جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ

اتوار 14 جون 2026 20:50

جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2026ء) ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے شبہے میں سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر ورک ویزا اور پروٹیکٹر کلیئرنس کے ساتھ بطور ڈرائیور سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔ امیگریشن جانچ کے دوران پیش کیا گیا ڈرائیونگ لائسنس مشکوک پایا گیا۔

ترجمان کے مطابق لائسنس پر درج شناختی کارڈ نمبر مسافر کے اصل شناختی کارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا تھا جبکہ کیو آر کوڈ اسکین کرنے پر کسی دوسرے شخص کی معلومات سامنے آئیں، جس سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ مزید مضبوط ہو گیا۔ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے کبھی کسی سرکاری لائسنس دفتر سے رجوع نہیں کیا اور مذکورہ لائسنس راولپنڈی کے ایک ایجنٹ کے ذریعے معاوضے کے عوض حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

مسافر کے مطابق سعودی عرب کا ورک ویزا ایک دوسرے ایجنٹ کے ذریعے حاصل کیا گیا جبکہ پروٹیکٹر کلیئرنس ایک اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے مکمل کی گئی۔ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات کے استعمال اور مشکوک حالات کے پیش نظر مسافر کو سفر سے روک دیا ہے جبکہ مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے حصول کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔