ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ فراڈ کیس کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آگئیں

کینسر کی مریضہ نے علاج کیلئے جائیداد فروخت کی، 60 کروڑ کا سودا ہوا، خاتون کو 9، 9 کروڑ روپے کے تین چیکس دیئے گئے، 27 کروڑ کے یہ تینوں چیک باؤنس ہوگئے؛ ایف آئی آر کا متن

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جون 2026 16:51

ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ فراڈ کیس کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2026ء) مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے 27 کروڑ روپے کے چیک ڈس آنر سکینڈل کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کے ساتھی اکبر خان کے خلاف درج ہونے والے تین مقدمات کے پیچھے ایک انتہائی افسوسناک کہانی منظرِ عام پر آئی ہے، یہ مقدمات ماہ رخ عارف نامی ایک خاتون کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں، جس نے خود کو کینسر جیسی مہلک بیماری کی مریضہ قرار دیتے ہوئے سکیورٹی اور انصاف کی دہائی دی ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون ماہ رخ عارف کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور انہیں اپنے علاج معالجے کے لیے خطیر رقم کی اشد ضرورت تھی، خاتون نے اپنے علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے لاہور کے وسطی علاقے ڈیوس روڈ پر واقع اپنی قیمتی جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں ان کا ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اکبر خان سے رابطہ ہوا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ فریقین کے درمیان اس جائیداد کا سودا تقریباً 60 کروڑ روپے کی بھاری مالیت میں طے پایا، جائیداد کی جزوی ادائیگی کے لیے ثاقب چدھڑ اور ان کے ساتھی نے خاتون کو 9، 9 کروڑ روپے مالیت کے تین الگ الگ چیکس دیئے جن کی مجموعی مالیت 27 کروڑ روپے بنتی ہے، تاہم جب یہ چیکس بینک پہنچے تو پتا چلا ایم پی اے کے اکاؤنٹ میں تو رقم ہی موجود نہیں، جس کے باعث مقررہ تاریخ پر تینوں چیکس یکے بعد دیگرے باؤنس ہوگئے۔

ایف آئی آر میں سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ جب بیمار خاتون نے ثاقب چدھڑ سے اپنے پیسے واپس مانگے یا متبادل ادائیگی کا مطالبہ کیا، تو بااثر ملزمان نے سیدھا جواب دیتے ہوئے رقم کی ادائیگی سے صاف انکار کر دیا اور مبینہ طور پر دھمکیاں دیں، تھانہ ڈیفنس اے کی پولیس نے خاتون کی درخواست اور بینک کے ڈس آنر میمو کی بنیاد پر چیک فراڈ کی دفعات کے تحت تین الگ الگ باقاعدہ مقدمات درج کرلیے۔

اس کیس پر پیشرفت کے بارے ذرائع کے حوالے معلوم ہوا ہے کہ سنگین نوعیت کے تین مقدمات درج ہونے اور کینسر کی مریضہ سے مبینہ دھوکہ دہی کا معاملہ ہونے کے باوجود، لاہور پولیس تاحال مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو گرفتار کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے، اس ضمن میں پولیس کا مؤقف ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔