جی بی میں 2 نشستوں پر نتائج روک کر کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم کہاں سے آیا؟

تاریخ گواہ ہے نتائج تبدیل کرنے کے بادشاہ کون ہیں؟ پیپلزپارٹی کی جیتی نشست پر3 باردوبارہ گنتی کے آرڈرز کرکے نتائج بدلنے کی کوشش جاری ہے، احتجاج نہ کرتے تو فارم 46 اور47 کا کھیل تیار تھا۔ قمر زمان کائرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 جون 2026 19:57

جی بی میں 2 نشستوں پر نتائج روک کر کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 13 جون 2026ء ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جیتی نشست پر3 باردوبارہ گنتی کے آرڈر جاری کرکے نتائج بدلنے کی کوشش جاری ہے، تاریخ گواہ ہے نتائج تبدیل کرنے کے بادشاہ کون ہیں؟ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن والے دن فارم 45 سے انکار پر ہمارے احتجاج اور میڈیا پر جانے سے فارم 4 کا اجرا ہوا ورنہ فارم 46 اور47 کا کھیل یہاں تیار تھا۔

آراو کے آڈیو بیان اور رزلٹ نہ دینے کے احکامات بھی موجود ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 12حلقوں میں واضح کامیابی حاصل کی ۔ 2 نشستوں پر نتائج غیر قانونی طور پر روک کر کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم کہاں سے آیا ہے؟ ہماری جیتی ہوئی نشست پر تین باردوبارہ گنتی کے آرڈر جاری کرکے نتائج بدلنے کی کوشش جاری ہے ۔

(جاری ہے)

2حمایت یافتہ امیدواران کا اعلان حقائق کے منافی ہے، درست ہوتا تو شامل ہوگئے ہوتے، سارا گلگت بلتستان ہر چیز سے آگاہ ہے ۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمارے مخالف امیدوار کی ایک نشست پر دوبارہ انتخاب کا حکم دیکر فیصلہ واپس لیا گیا ۔ جانے نہ جانے گل ہی نہ  جانے باغ تو سارا جانے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آزادی کا تبصرہ نہ کریں کہ وہاں سے انصاف لیں وہ کہاں  سے ہدایت لے رہے ہیں سب جانتے ہیں ۔ لیڈر شپ ہمیں مبارک دے رہی تھی اور وزراء اور مقامی جماعت یہاں نتائج تبدیل کرنے کے لئے کوشاں تھی ۔ تاریخ گواہ ہے نتائج تبدیل کرنے کے بادشاہ کون ہیں ۔ ہم سیاست میں رواداری کے قائل ہیں مگر اپنا حق لینا جانتے ہیں کسی کو بھی منڈیٹ چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔