ٹرمپ کا امن معاہدے کو ممکنہ طور پر سبوتاژ کرنے کیلیے اسرائیل کے بیروت پر حملے پر تشویش کا اظہار ،فریقین سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ

اتوار 14 جون 2026 21:10

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2026ء) امریکی صدر ٹرمپ نے امن معاہدے کو ممکنہ طور پر سبوتاژ کرنے کیلیے اسرائیل کے بیروت پر حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سوشل میڈیاپر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بیروت میں ہونے والا حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور تمام فریقوں کو صورتحال بہتر بنانے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو خطرات کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے مگر جس کارروائی کے جواب میں حملہ کیا گیا وہ بہت محدود نوعیت کی تھی اور اس میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں تھی۔انہوںنے کہاکہ اسرائیلی حملے کے بعد امن معاہدے اور بات چیت کا عمل متاثر نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ایک امن معاہدہ قریب ہے جو لبنان سمیت خطے میں امن کا باعث بن سکتا ہے۔امریکی صدر نے حزب اللہ اور اسرائیل پر زور دیتے ہوئے حملے روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اب دونوں طرف سے مزید حملے نہیں ہونے چاہئیں اور موجودہ امن عمل کو متاثر نہیں کیا جانا چاہیے۔