Live Updates

پنجاب کابینہ نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ منظور کر لیا

منگل 16 جون 2026 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے بجٹ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بجٹ دستاویز پر دستخط بھی کیے، جس کے ساتھ آئندہ مالی سال کے لیے صوبائی مالیاتی منصوبہ حتمی شکل اختیار کر گیا۔قبل ازیں خصوصی اجلاس میں صوبائی کابینہ نے متفقہ طور پر بجٹ 2026-27 کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بجٹ کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کرنے پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا ہے۔

انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مالی نظم و ضبط اور وسائل کے بہتر استعمال سے ہی عوامی فلاح ممکن ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وفاق کو شیئرز کی ادائیگی کے باوجود حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات اور عالمی معاشی صورتحال کے باوجود پنجاب کا بجٹ بغیر کسی نئے ٹیکس کے پیش کیا گیا ہے جو عوامی ریلیف اور خوشحالی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ بجٹ ‘‘امید کا بجٹ’’ ہے جس کا مقصد عوام کو ان کے اپنے وسائل کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی عوامی توقعات پر پورا اترے گی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات