ایتھلیٹ عطا اللہ کا ورلڈ جونیئر انڈر 20 چیمپئن شپ امریکہ کیلئے انتخاب، مشیر کھیل تاج محمد خان ترند کی مبارکباد

ہفتہ 20 جون 2026 17:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2026ء) خیبرپختونخوا کے نوجوان ایتھلیٹ عطا اللہ جنہوں نے چھٹی نیشنل جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا کا امریکہ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس جونیئر انڈر 20 چیمپئن شپ کیلئے انتخاب کر لیا گیا ہے۔مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے عطا اللہ کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف کھلاڑی کیلئے بلکہ پاکستان اور خیبرپختونخوا کے لیے بھی اعزاز کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ وطن کا یہ باصلاحیت بیٹا عالمی سطح کے مقابلوں میں پاکستان اور خیبرپختونخوا کا نام روشن کرے گا۔ عطا اللہ کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔

(جاری ہے)

مشیر کھیل نے کہا کہ اس موقع پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان اور اس کے صدر وجاہت ساہی کی کاوشوں کو سراہا نہ جائے تو یہ زیادتی ہوگی، جنہوں نے اس باصلاحیت ٹیلنٹ کو تلاش کرنے، اسے آگے بڑھانے اور میرٹ کی بنیاد پر قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، شفاف سلیکشن اور ٹیلنٹ کو درست سمت فراہم کرنا کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی اس حوالے سے کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔تاج محمد خان ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا سکیں۔ انہوں نے عطا اللہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔