اسلام آباد پولیس کے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران مثالی سکیورٹی انتظامات

ہفتہ 27 جون 2026 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2026ء) اسلام آباد پولیس نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کیلئے غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مثالی فضا برقرار رکھی۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شہر بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا۔

9 محرم الحرام کے موقع پر 6500 جبکہ 10 محرم الحرام کو 4000 سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان تعینات کیے گئے جبکہ 500 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے فرائض سرانجام دیے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

جلوسوں کو مختلف حفاظتی حصار فراہم کیے گئے جبکہ اہم مقامات اور عمارتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات رہے۔

جلوس کے روٹس پر پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کی گئی جبکہ ایس ڈبلیو اے ٹی کمانڈوز، ڈیلٹا فورس، ریڈ زون کمانڈوز، اے پی سی یونٹس، سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے بھی تعینات کیے گئے۔خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اور خواتین رضاکار موجود رہیں جبکہ داخلی راستوں پر جدید سکینرز نصب کیے گئے تھے۔ سیف سٹی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول روم سے جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی گئی جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جدید آلات اور روبوٹس کی مدد سے جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات کو جدید اور فول پروف بنایا گیا تھا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس، پاک فوج، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیوں، منتظمین اور شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے باعث وفاقی دارالحکومت میں مثالی امن و امان برقرار رکھا گیا۔