پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا گلوز مینوفیکچرنگ ٹریننگ پروگرام کامیابی سے مکمل

منگل 30 جون 2026 21:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2026ء) پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی ایم ای اے) کے زیر اہتمام گلوز مینوفیکچرنگ ٹریننگ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، جس کے تحت مجموعی طور پر 300 طلبہ و طالبات کو مختلف فنی شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان کی گلوز صنعت کے لیے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور مقامی صنعت کی پیداواری استعداد میں اضافہ کرنا تھا۔

تربیتی پروگرام کے دوران گلوز سٹیچنگ کے شعبے میں 150 طلبہ نے کامیابی سے تربیت مکمل کی جبکہ کمپیوٹرائزڈ پیٹرن میکنگ اور گلوز پیٹرن ماسٹر کے شعبوں میں 75، 75 طلبہ نے تربیت حاصل کرکے اسناد حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن انس راحیل نے کہا کہ پاکستان کی گلوز انڈسٹری ملکی برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے جدید مہارتوں سے آراستہ افرادی قوت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسی مقصد کے پیش نظر اس تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا تاکہ نوجوانوں کو صنعت کی ضروریات کے مطابق عملی اور تکنیکی تربیت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے جبکہ اس سے ملکی گلوز صنعت کو مزید مضبوط بنانے اور برآمدات میں اضافے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ صنعت کو درکار ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور پاکستان کی برآمدات کو مزید فروغ حاصل ہو۔