پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح خطے کے کئی ممالک سے انتہائی کم ہے ‘ ٹیکس ایڈوائزرز

بدھ 1 جولائی 2026 15:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2026ء) ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح خطے کے کئی ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے جس کے باعث حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا رہتا ہے،حکومت ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانے کی خواہشمند تو ہے لیکن اس کیلئے جس عزم کی ضرورت ہے وہ نظر نہیں آتا ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد الغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، ٹیکس چوری کی روک تھام اور غیر دستاویزی معیشت کو ٹیکس نظام میں شامل کیے بغیر یہ ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ موجودہ نظام میں بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ زیادہ ہے جس کا اثر عام صارفین پر پڑتا ہے۔ انہوںنے زور دیا کہ آمدنی پر مبنی براہِ راست ٹیکسوں کو فروغ دیا جائے اور زرعی، رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل سمیت کم ٹیکس دینے والے شعبوں کو موثر انداز میں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل نظام، شفافیت اور آسان ٹیکس قوانین سے محصولات میں اضافہ اور معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے لیکن حکومت اپنی استعداد میں اضافہ کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آتی۔