سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اورآئیگا سوئیٹک ومبلڈن اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں

جمعہ 3 جولائی 2026 12:43

سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اورآئیگا سوئیٹک     ومبلڈن اوپن ٹینس ویمنز ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2026ء) قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریبا کینا اور پولینڈ کی ٹینس سٹار ، چھ گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح اور میگا ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔

ای ایس پی این کے مطابق سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر جاری ہیں،جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں27 سالہ قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریبا کینا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظارہ کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی کیتھرین میکنیلی کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 2-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

ایلینا ریبا کینا کا تیسرے رائونڈ میں مقابلہ بیلجیئم کی ایلیس مرٹنز سے ہوگا۔ دوسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں پولینڈ کی ٹینس سٹار آئیگا سوئیٹک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کی ٹینس کھلاڑی کارولینا پلیشکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 3-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں ان کا مقابلہ فلپائن کی حریف کھلاڑی الیگزینڈرا مانیگو ایالاسے ہوگا۔