بس حادثہ ،حکومت بلوچستان کافوری اور مؤثر ریسکیو کارروائیوں پر حکومت خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے اظہار تشکر

جمعہ 3 جولائی 2026 20:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کے بعد فوری اور مؤثر ریسکیو کارروائیوں پر حکومت خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں زخمیوں کی بروقت منتقلی اور متاثرین کی امداد کو یقینی بنایا گیا۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے فراہم کیے گئے فوری تعاون، ریسکیو 1122 کی بروقت رسپانس اور ضلعی انتظامیہ کی فعال معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی تعاون اور ہم آہنگی کا یہی جذبہ قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

حکومت خیبرپختونخوا، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور تمام امدادی اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے تمام اداروں اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے جذب? خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔