شرجیل میمن اور رانا قاسم نون کی ملاقات،مسئلہ کشمیر پر قومی یکجہتی کے فروغ پر اتفاق

جمعہ 3 جولائی 2026 22:16

شرجیل میمن اور رانا قاسم نون کی ملاقات،مسئلہ کشمیر پر قومی یکجہتی کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر، آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر مؤثر حکمت عملی کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سندھ حکومت کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کشمیر جیسے قومی مفاد کے معاملات پر وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور پوری قوم کا متفقہ مؤقف ہے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ملاقات کے اختتام پر شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کو سندھی ثقافت کی علامت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا۔