Live Updates

ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.98 فیصد کمی، پیٹرول اور ڈیزل سستے، ٹماٹر 125 فیصد مہنگے ہوگئے

جمعہ 3 جولائی 2026 22:16

ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.98 فیصد کمی، پیٹرول اور ڈیزل سستے، ٹماٹر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) پاکستان ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے، جن کے مطابق ایک ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے کے تحت مہنگائی میں 0.98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق جائزہ لیے گئے 51 اشیائے ضروریہ میں سے 23 اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیائ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 17 اشیائ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 19.77 فیصد، ڈیزل میں 17.73 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 12.60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے صارفین کو کچھ ریلیف ملا۔دوسری جانب اشیائے خورونوش میں ٹماٹر کی قیمت میں 125.40 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 10.72 فیصد، آلو 10.06 فیصد، انڈے 8.32 فیصد اور آٹے کی قیمت 5.08 فیصد بڑھ گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق چکن 1.97 فیصد، کیلے 1.44 فیصد اور مونگ کی دال 1.29 فیصد سستی ہوئی، جس سے چند غذائی اشیائ کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 13.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک سال کے دوران ٹماٹر 238.72 فیصد، پیاز 80.96 فیصد اور آٹا 68.47 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 49.14 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 44.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر بعض اشیائ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، جن میں آلو 36.60 فیصد، چنے کی دال 22.11 فیصد اور چینی 19.42 فیصد سستی ہوئی۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات