چیئرمین یو ایم ٹی کی ایف بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات،بنگلہ دیشی طلبااور اساتذہ کیلئے وظائف اور انٹر ن شپ پروگرام کی پیشکش

منگل 7 جولائی 2026 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2026ء) چیئرمین یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) اور سابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے ڈھاکہ میں فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف بی سی سی آئی) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل ایم ڈی عالمگیرسے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، زرعی ترقی، لائیو سٹاک، جدید ٹریس ایبلٹی سسٹمز اور باہمی اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر یو ایم ٹی اور فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ادارہ جاتی، تعلیمی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین ابراہیم حسن مراد اور ایف بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل ایم ڈی عالمگیرنے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے ساتھ یو ایم ٹی، ایف بی سی سی آئی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے والی پہلی پاکستانی یونیورسٹی بن گئی، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، صنعتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ملاقات کے دوران ایم ڈی عالمگیر نے ابراہیم حسن مراد کی تعلیم، سماجی خدمت، عوامی فلاح، گورننس اور پالیسی سازی کے شعبوں میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا وسیع تجربہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، اصلاحات اور موثر طرزِ حکمرانی کے فروغ میں نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے پالیسی سازی، اصلاحات اور گورننس کے شعبے میں ابراہیم حسن مراد کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔دونوں رہنماوں نے الیکٹرک گاڑیوں، زرعی شعبے، لائیو سٹاک، فوڈ سکیورٹی، جدید ٹریس ایبلٹی سسٹمز اور ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔

اس موقع پر ابراہیم حسن مراد نے بنگلہ دیشی طلبہ اور اساتذہ کے لیے یو ایم ٹی میں وظائف، انٹرن شپ پروگرامز، ٹیوشن فیس میں خصوصی رعایت اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی کی عالمی معیار کی تعلیم، تحقیق اور اختراعی صلاحیتیں بنگلہ دیشی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جامعات، صنعت اور کاروباری اداروں کے مابین مضبوط شراکت داری نہ صرف اقتصادی تعاون کو فروغ دے گی بلکہ اختراع، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ایف بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل ایم ڈی عالمگیر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ یو ایم ٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو متعلقہ وزارتوں، حکومتی اداروں اور نجی شعبے تک پہنچایا جائے گا اور ان پر عملی پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایف بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل ایم ڈی عالمگیرنے چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔