کراچی : متعدد علاقوں میں دن بھر بجلی معطل ، مینٹیننس کے باعث مختلف فیڈرز کئی گھنٹے بند رہے

بجلی کی بندش کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں،شہریوں کا تشویش کا اظہار

جمعہ 24 جولائی 2026 01:26

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2026ء) کے الیکٹرک کی جانب سے نیٹ ورک کی بہتری اور مرمت کے لیے جاری مینٹیننس مہم کے باعث جمعرات کو کراچی کے متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی بندش منصوبہ بند مرمتی کاموں، نیٹ ورک اپ گریڈیشن اور بجلی کی ترسیلی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کی گئی۔

زیادہ تر فیڈرز پر بجلی کی فراہمی صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک مختلف اوقات میں معطل رہی، جبکہ بعض فیڈرز پر کام کی نوعیت کے باعث بندش کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ رہا۔مرمتی کاموں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شاہ فیصل ٹاؤن، لانڈھی، نارتھرن بائی پاس، گل بہار، پرانا گولیمار، سی ویو، ڈی ایچ اے گالف کلب، کشمیر کالونی، کھوکھراپار، قائد آباد کے اطراف، قائدہ ٹاؤن، ناظم آباد کالج، سپارکو، چھوٹی صنعتی بستی، طلحہ کاٹیجز، توحید کالونی، سلمان گارڈن، گرین لینڈ سٹی، کیپٹل ہاؤسنگ سوسائٹی، نور ہاؤسنگ، معمار آباد، پاسبان مسجد، شاہراہِ فیصل کے بعض علاقے، کوئٹہ ٹاؤن، کورنگی ٹیلی فون ایکسچینج، خیابانِ جامی، خیابانِ بابر، ایمبیسی ولا، گلاس ٹاور، گودام ایریا، کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی اور دیگر علاقوں کے فیڈرز شامل تھے۔

(جاری ہے)

بجلی کی بندش کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہریوں نے بجلی کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ مرمتی مہم کا مقصد بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، نیٹ ورک کی استعداد میں اضافہ کرنا اور مستقبل میں غیر متوقع خرابیوں کے امکانات کو کم کرنا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ مستحکم اور بہتر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔