شدید گرمی (ہیٹ ویو)اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طبی اقدامات کیے گئے ہیں ،ڈی ایچ اوڈیرہ

ہفتہ 25 جولائی 2026 16:32

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ سید محمد محسود نے کہا ہے کہ ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے حالیہ شدید گرمی (ہیٹ ویو)اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طبی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بروقت اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر تحصیل کلاچی میں محکمہ صحت کا خصوصی میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں مقامی آبادی کو مفت طبی امداد، ادویات اور دیگر ضروری صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈی ایچ او ڈیرہ سید محمد محسود نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متاثرہ شہریوں کو فوری طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر تین خصوصی میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے، جن میں امامیہ گیٹ، کوٹلی امام حسین اور ڈائیوو اڈا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کیمپوں میں شہریوں کا مکمل طور پر مفت معائنہ کیا گیا، مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ابتدائی طبی ٹیسٹ بھی موقع پر ہی کیے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان تمام کیمپوں میں خدمات انجام دینے والا طبی عملہ محکمہ صحت کا اپنا تھا، جبکہ ریسکیو 1122 نے تعاون کرتے ہوئے ایمبولینس اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت، معیاری اور بلا معاوضہ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔\378

متعلقہ عنوان :