ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں بجلی کے بلوں پر سیلز ٹیکس کے خلاف درخواستیں مسترد

ہفتہ 25 جولائی 2026 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2026ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں صنعتی اداروں سے بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس وصولی کے خلاف دائر چار آئینی درخواستیں مسترد کر دیں۔عدالت نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، اس لیے ہائی کورٹ عدالت عظمیٰ سے مختلف موقف اختیار نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی (EPZA) کی جانب سے صنعتی اداروں کے بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ برآمدی صنعتی ادارے سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہیں اور ادا کیا گیا سیلز ٹیکس واپس لینے کا کوئی مؤثر طریقہ کار بھی موجود نہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ای پی زیڈ اے کا زیرو ریٹڈ سہولت کا مؤقف عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ پہلے ہی مسترد کر چکی ہیں، جبکہ سپریم کورٹ یہ بھی قرار دے چکی ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے عائد سیلز ٹیکس تمام صارفین میں تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ موجودہ بینچ سابقہ فیصلے سے مختلف رائے اختیار نہیں کر سکتا، اس لیے درخواستوں کے میرٹ پر مزید غور بے مقصد ہے۔