روڈ ٹریفک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی

منگل 28 جولائی 2026 11:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) روڈ ٹریفک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے، مزدا منی ٹرک نے مسافر رکشہ کو ٹکر مار دی، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فیصل آباد میں خانوآنہ بائی پاس چوک کے قریب مزدا منی ٹرک نے مسافر رکشہ کو ٹکر ماردی۔حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد 50 سالہ منظور حسین ولد شہادت حسین، 47 سالہ شہناز بی بی زوجہ نور محمد اور 4 سالہ محمد عدنان ولد آصف جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

حادثہ میں 3 شدید زخمی ہوئے۔زخمیوں میں 25 سالہ مصطفیٰ ولد محمد اشرف، 35 سالہ صغریٰ بی بی زوجہ محمد اکرم اور 35 سالہ سکینہ بی بی زوجہ لعل شامل ہیں، جنہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا۔پولیس کی موجودگی میں جاں بحق افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔متاثرہ خاندان میاں چنوں سے فیصل آباد میں ختمِ قل میں شرکت کے لیے چک نمبر 228 ر ب بوہگنی، مکوآنہ آ رہا تھا۔