ایف آئی اے لاہور کی کارروائیاں، چار پاسپورٹ ایجنٹ اور دو ویزا ایجنٹ گرفتار

منگل 28 جولائی 2026 13:39

ایف آئی اے  لاہور کی  کارروائیاں، چار پاسپورٹ ایجنٹ اور دو ویزا ایجنٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)لاہور زون نے ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کے دوران مختلف کارروائیوں میں چار پاسپورٹ ایجنٹ اور دو ویزا ایجنٹ گرفتار کر لیے۔ ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق کارروائیاں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اور انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی جانب سے ننکانہ صاحب، ساہیوال اور سرگودھا میں کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان ارسلان، کرامت، اللہ دتہ اور شہریار کو پاسپورٹ آفس ننکانہ صاحب کے باہر سے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان بشارت علی اور فاروق کو ساہیوال اور سرگودھا سے حراست میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزمان ارسلان، کرامت، اللہ دتہ اور شہریار شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے نام پر غیر قانونی طور پر اضافی رقوم وصول کر رہے تھے اور انہیں فوری پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر زائد رقم بٹورتے تھے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹس، ٹوکن، بینک چالان، رسیدیں اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔ترجمان کے مطابق ملزمان بشارت علی اور فاروق نے شہریوں سے بیرونِ ملک ورک ویزا دلوانے کے نام پر مجموعی طور پر 11 لاکھ 90 ہزار روپے ہتھیائے۔ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔