سات اگست کو سڑکیں بند ہوگی، لاکھوں لوگ گھروں سے نکلیں گے’حافظ نعیم الرحمن

پیر 27 جولائی 2026 19:37

سات اگست کو سڑکیں بند ہوگی، لاکھوں لوگ گھروں سے نکلیں گے’حافظ نعیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کے ملک گیر احتجاج اور سڑکیں بند کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کو عوامی رابطہ مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے منصورہ میں مختلف اجلاسوں، تنظیمی رابطوں اور آن لائن مشاورتی نشستوں کے دوران احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں، عوامی آگاہی مہمات اور ضلعی سطح پر تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ 7 اگست کا احتجاج عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہے، پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں، مہنگائی کی مجموعی صورتحال، ظالمانہ آئی پی پیز معاہدوں ، لوڈشیڈنگ اور غیر منصفانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف لاکھوں افراد پرامن مظاہرے کریں گے اور اضلاع کو ملانے والی سڑکیں بند کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سات اگست کا احتجاج تاریخی ہوگا اور حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ عوام کو ریلیف دیں۔ امیرجماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی کی جمہوری جدوجہد میں کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ احتجاجی پروگرام سے قبل عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور تمام طبقات تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا جائے۔

احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ملک بھر میں 20 ہزار کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا جاسکے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 7 اگست کو اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے، نوجوان اپنی موٹر سائیکلوں پر نکلیں اور سڑکوں پر لاکر انہیں بند کردیں ، احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو راستہ فراہم کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نئے ٹیکسوں اور مہنگی پٹرولیم مصنوعات کے ذریعے ان پر بوجھ ڈال رہی ہے۔

پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی دباؤ ہے جسے ختم کیے بغیر معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن نہیں۔امیر جماعت اسلامی نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے علما، تاجروں، وکلا، طلبہ، مزدوروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطے مزید بڑھائے جائیں۔واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمن نے 21 جولائی کو منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 7 اگست کو ملک گیر احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دھرنے دیے جائیں گے۔