عالیہ بھٹ کی آسام سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی اپیل، مداحوں سے تعاون کی درخواست

بدھ 29 جولائی 2026 20:55

عالیہ بھٹ کی آسام سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی اپیل، مداحوں سے تعاون ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جولائی2026ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھارت کی ریاست آسام میں جاری تباہ کن سیلاب کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آسام ہر سال شدید سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود ہر مرتبہ یہ صورتحال سب کو غیر تیار حالت میں اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت بھارت کے مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہیں، تاہم آسام سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 60 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق متعدد خاندان اپنے گھر، زرعی زمین، مویشی اور بعض صورتوں میں اپنے پیاروں سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا یہ ہر سال ہوتا ہے، لیکن پھر بھی ہم اس کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ آسام کو اس وقت فوری امداد کی ضرورت ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے طویل المدتی تعاون بھی ناگزیر ہوگا۔ عالیہ بھٹ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ چند روز میں اپنی سوشل میڈیا پر ان فلاحی اداروں اور تنظیموں کی معلومات شیئر کریں گی جو آسام میں متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے عملی طور پر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ان امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔رپورٹس کے مطابق آسام میں ہر سال مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آتے ہیں، جس سے ہزاروں گھر، زرعی اراضی اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوتا ہے۔ رواں سال بھی لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ امدادی ادارے اور رضاکار متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔