جاپان میں مزید زلزلے کے ممکنہ خطرات، چینی سفارت خانے کی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

جمعرات 30 جولائی 2026 09:42

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) جاپان میں چین کے سفارت خانے نے جنوب مغربی جاپان میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد وہاں مقیم چینی شہریوں کو مزید زلزلے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔شنہوا کے مطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر کماموتو صوبے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد 12 گھنٹوں کے اندر 148 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان کی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران اسی شدت کے مزید زلزلے آنے کا امکان موجود ہے۔چینی سفارت خانے نے جاپان میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں، متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور ذاتی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

سفارت خانے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زلزلوں سے متعلق تازہ اطلاعات، موسمی انتباہات اور قدرتی آفات سے بچاؤ کی ہدایات پر مسلسل نظر رکھیں، مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ انخلا اور حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کریں، آفٹر شاکس کے خطرات سے ہوشیار رہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی پولیس اور جاپان میں قائم چینی سفارت خانے یا قونصل خانوں سے رابطہ کریں۔