Live Updates

ایران کو جلد چینی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان

ایران اپنے فضائی دفاع کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے،باخبر ذرائع

بدھ 29 جولائی 2026 22:29

ایران کو جلد چینی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2026ء) برطانوی میڈیا نے ایران کو آئندہ چند ہفتوں میں چین سے فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے معاملے سے باخبر 3 ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کو آئندہ چند ہفتوں کے دوران چین میں تیار کردہ کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ موصول ہونے کی توقع ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایران اپنے فضائی دفاع کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔اس معاہدے کی مالیت 6 سے 7 کروڑ امریکی ڈالرز کے درمیان ہے اور اس میں 3 سے 4 سو QW-12 اور FN-16 مین پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹمزشامل ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرا ئیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد ایران کی قلیل فاصلے کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کی یہ اب تک کی سب سے بڑی معلوم کوششوں میں سے ایک ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں قائم کمپنی ژونگ چنگ باشانگ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے ساتھ طے پایا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی ایرانی فریق اور چینی سپلائر کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہی تھی۔دوسری جانب چین نے اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات