کپواڑہ،قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 30 جولائی 2026 11:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے سرمرگ میں لوگوں نے ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں قائم صحت مرکز میں نہ عملہ پوری طرح سے دستیاب ہے اور نہ ہی ضروری سہولیات موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو سات برس قبل اپ گریڈ کیا گیا تھا اور یہ آس پاس کے تقریبا ایک درجن کے قریب دیہات کے لئے واحد ہسپتال ہے لیکن ہسپتال کی مناسب عمارت موجود ہے اور نہ ہی ایمبولینس کی سہولت دستیاب ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ ہسپتال میں ایک ڈاکٹر تعینات ہے لیکن بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج کے لیے 25 کلومیٹر سے زائد کا سفر کرکے ہندواڑہ قصبے کے ہسپتال میں جانا پڑتا ہے۔گائوں کے ایک نوجوان بلال رشید نے کہا کہ ہسپتال میں ایمبولینس تک نہیں ہے۔ مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں تک لے جانے کے لیے ہمیں پرائیویٹ کیب کرایہ پر لینا پڑتی ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ہسپتال کو فوری طور پر مکمل عملہ، تشخیصی خدمات اور ایمبولینس کی سہولیات بہم پہنچائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔